نئی دہلی:31/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ مودی حکومت نے غریبوں کا مذہبی پس منظر دیکھے بغیر ان کی بہبودکے لیے کام کیے ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ ان ریاستوں میں کوئی بڑا فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا جہاں ان کی پارٹی اقتدار میں ہے۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کی فلاح و بہبودکے لیے مصروف عمل ہے، چاہے وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ۔بی جے پی صدر امت شاہ نے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاہے کہ اقلیتوں کاملک کے وسائل پرپہلا حق ہونے کا دعویٰ کرنے والوں نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا ۔امت شاہ نے تین طلاق بل منظور کرانے کی سمت میں مودی حکومت کی’نام نہاد‘کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ مسلم خواتین کومبینہ’ انصاف‘ دینے کے لیے ہے۔ امت شاہ نے کہاہے کہ مسلم بچیوں کے اسکول چھوڑنے کا فیصد 72 سے گر کر 32 پر آ گیا ہے۔